اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور ترکمنستان کے صدر قربان علی بردی محمد اف نے بدھ کو عشق آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا- دونوں ملکوں کے صدور نے مختلف میدانوں میں تہران عشق آباد کے باہمی تعاون میں فروغ لانے پر تاکید کی ہے- انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں نیا موڑ آیا ہے- ڈاکٹر حسن روحانی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران و ترکمنستان کی قوموں کےمابین بڑا ہی گہرا، مستحکم اور تاریخی رشتہ قائم ہے- انہوں نے کہا کہ آج بھی ماضی کی طرح دونوں ملکوں کی حکومتیں اور قومیں اپنے تعلقات میں بھرپور فروغ لانے کے حق میں ہیں اور اس امر کے لئے اپنی تمام توانائیوں سے استفادہ کرنا چاہتی ہیں- ترکمنستان کے صدر قربان علی بردی محمداف نے اس پریس کانفرنس میں دونوں ملکوں کے مذاکرات کو مفید قراردیتے ہوئے کہا کہ ان کاملک ایران کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کو نہایت اہمیت کی نظر سے دیکھتا ہے- انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ طے شدہ معاہدوں سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں نیا باب کھل سکتا ہے- بردی محمد اف نے کہا کہ ترکمنستان، ایران کی کامیابیوں اور ترقی پر فخر کرتا ہے اور مختلف میدانوں میں ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے- اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکمنستان کے اعلی رتبہ وفود نے بدھ کو مشترکہ اجلاس میں تعاون کی سترہ دستاویزات پر دستخط کئے ہیں- تعاون کی یہ دستاویزات سیاسی، اقتصادی، ثقافتی، علمی، سائںسی نیز ٹکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون میں فروغ کاباعث بںیں گی- اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکمنستان کے صدور نے اعلی رتبہ وفود کی نشست میں کہا کہ دونوں ملک آئندہ دس برسوں میں اپنے اقتصادی اور تجارتی لین دین کی شرح ساٹھ ارب ڈالر تک پہنچانا چاہتے ہیں-
.......
/169